کثر بڑے بوڑھوں کو یہ کہتے ہوئے سُنا گیا ہے کہ چینی کی بجائے شہد کا استعمال صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، مگر اس کا استعمال کتنا فائدہ مند ہوتا ہے اور کیا یہ سب کے لیے محفوظ ہے یا نہیں آج اسی بارے میں ہم چند اہم معلومات آپ کے سامنے رکھنے جا رہے ہیں۔ تو بات کا آغاز یہاں سے کرتے ہیں کہ شہد کیسے تیار ہوتا ہے؟ شہد اُن مکھیوں کی محنت کا پھل ہوتا ہے جو دن بھر ایک پھول سے دوسرے پھول پر بیٹھ کر ان کا رس اکٹھا کرتی ہیں اور اسے ایک سنہری مائع میں تبدیل کرتی ہیں۔ شہد کی مکھیوں کا پھولدار پودوں اور درختوں سے میٹھے اور لذیذ مائع کو جمع کرنے کا سفر آسان نہیں ہوتا۔ شہد کی مکھیاں پھولوں سے رس جمع کرنے کے بعد اسے اپنے گھر یعنی شہد کے چھتے تک لے جاتی ہیں جہاں یہ سُنہری مائع ان شہد کی مکھیوں کے لیے موسم سرما کی خوراک کے طور پر بھی محفوظ کیا جاتا ہے۔ شہد کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو قدیم یونان میں شہد کو ’خدا کی پسندیدہ خوراک‘ کہا جاتا تھا جبکہ چین میں اسے ’دوا‘ کہا جاتا تھا۔